ٹی ڈی اے پی برآمدات کے فروغ کیلئے ایکسپورٹرزکے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔ عارف احمد خان
پاکستان برآمدات میں کئی گنا اضافہ کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد (ویب نیوز ) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ایکسپورٹرز کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی، تاہم برآمدکنندگان کو ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کے لئے نئی مارکیٹوں کی تلاش میں مزید سرگرم عمل ہونا پڑے گا۔ برآمد کنندگان کو چاہئے کہ وہ اپنے مسائل سے ٹی ڈی اے پی کے متعلقہ علاقائی دفاتر کو آگاہ کریں تاکہ ادارہ ان کو حل کرنے کی کوششیں کر سکے۔ ان خیالات کااظہار ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو عارف احمد خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان سے ایک آن لائن ملاقات کے دوران کیا۔ شہزاد احمد خان، ڈائریکٹر جنرل، ٹی ڈی اے پی اسلام آباد بھی اجلاس میں شریک تھے۔
عارف احمد خان نے کہا کہ برآمد کنندگان کے لئے ریسرچ رپورٹس تیار کرنے کے لئے ٹی ڈی اے پی مزید ریسرچ افسران کا تقرر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کراچی میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے برآمد کنندگان کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کررہی ہے اور جلد ہی اس طرح کے تربیتی پروگرام لاہور اور اسلام آباد سے بھی شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک کے لئے تجارتی وفود تشکیل دینا ٹی ڈی اے پی کی اہم سرگرمی ہے لیکن کروناوائرس کی وجہ سے گذشتہ ایک سال سے یہ سرگرمی تعطل کا شکار ہے۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ ٹی ڈی اے پی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تجارتی وفود کے بیرونی دوروں کو کامیاب بنانے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل،ٹی ڈی اے پی، اسلام آباد سے کہا کہ وہ آئی سی سی آئی کے تعاون سے خطے کے برآمد کنندگان کی مزید سہولت کے لئے تمام ممکنہ اقدامات لیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے برآمدات کا بہتر فروغ اشد ضروری ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ٹی ڈی اے پی اس سلسلے میں برآمد کنندگان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی برآمدات 2019 میں 40 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں تھیں لیکن پاکستان کی سالانہ برآمدات ابھی تک 22-23 بلین ڈالر تک محدود ہیں حالانکہ پاکستان کے پاس برآمدات میں کئی گنا اضافہ کرنے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے ساتھ ٹی ڈی اے پی کا قریبی تعاون ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں موثر کردار ادا کرسکتا ہے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی اپنے تجارتی وفود میں آئی سی سی آئی سمیت دیگر اہم چیمبروں کے صدور کو شامل کرے تا کہ وہ اپنے ممبران کیلئے برآمدات کے نئے مواقع تلاش کر سکیں جس سے برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی تجارت وبرآمدات کی ترقی سے متعلق معلومات باقاعدگی کے ساتھ چیمبرز آف کامرس کے ساتھ شیئر کرے تاکہ نجی شعبہ تمام ممکنہ مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی وزارت تجارت کے ساتھ مل کر مارکیٹ اسٹڈی رپورٹس تیار کرے اور ان کو بھی پاکستان کے تمام اہم چیمبرز کو ارسال کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی اس خطے کے برآمد کنندگان کے لئے آئی سی سی آئی کے تعاون سے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کرے جس سے وہ برآمدت کو بہتر فروغ دے سکیں گے۔انہوں نے ٹی ڈی اے پی کے زیر اہتمام آن لائن بین الاقوامی نمائشوں میں آئی سی سی آئی کی ممبر کمپنیوں کی شرکت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے آن لائن چینلز کے ذریعے برآمدات میں اضافے کرنے اور آن لائن برآمد کنندگان کی ادائیگیوں کے معاملات کو حل کرنے کے بارے میں بھی ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو کے ساتھ اپنے آئیڈیاز شیئر کیے۔ آئی ٹی سمیت دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں کی برآمدات کو فروغ دینے کے امکانات بھی زیربحث آئے۔ دونوں فریقوں نے مصنوعات اور مارکیٹ کی تنوع پر توجہ دینے کے لئے باہمی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تا کہ مشترکہ طور پر پاکستان کی مجموعی برآمدات کو فروغ دینے کی کوششیں کی جائیں۔