کیمبرج سمیت ملک بھر میں تمام امتحانات 15 جون تک منسوخ
مئی کے تیسرے ہفتے میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور پھر فیصلہ کیا جائے گا،شفقت محمود
اے اور او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبرمیں ہونگے،وفاقی وزیر تعلیم کی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(ویب نیوز)ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث وفاقی حکومت نے ملک بھر میں تمام امتحانات بشمول او اور اے لیول کے جاری امتحانات 15 جون تک منسوخ کردیے ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 15 جون تک تمام امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مئی میں ہونے والے انٹر کے امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔ مئی کے تیسرے ہفتے میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور پھر فیصلہ کیا جائے گا۔شفقت محمود نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبرمیں ہونگے۔ مشکل وقت میں کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ 18 اپریل کو ہم نے این سی او سی کا جو آخری اجلاس کیا تھا اس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ امتحانات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا لیکن اس کے بعد سے 27 اپریل تک کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی اجلاس میں یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہوں گے۔