راولپنڈی (ویب ڈیسک)
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی چیف آف ڈیفنس جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے ملاقات کی ہے، خطے کی سیکورٹی صورتحال اور افغان امن عمل میں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل نکولس نے خطے میں امن و استحکام اور افغان امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہزادہ فلپ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک قابل عزت دوست سے محروم ہو گئی، کورونا کے خلاف جنگ میں تعاون پر برطانیہ کے مشکور ہیں، پاک فوج برطانیہ سے اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔