موبی لنک مائیکروفنانس بینک نے سال 2021 کی پہلی سہ ماہی کی شاندار کارکردگی پر اہم اعزاز اپنے نام کرلیا
کراچی،(ویب نیوز )۔ موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) کو مالی سال 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران قرضہ لینے والوں اور بچت کرنے والے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا مائیکروفنانس بینک کے طور پر اعتراف کرلیا گیا ہے۔ یہ اعتراف پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک (پی ایم این) کی جانب سے ملک میں مائیکروفنانس انڈسٹری کی جاری سہ ماہی رپورٹ مائیکرو واچ کے حالیہ شمارے میں کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق انڈسٹری میں نمایاں ادارے کے طور پر ایم ایم بی ایل اپنے کلائنٹس کا مارکیٹ شیئر 18 فیصد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ڈیپازٹرز کے اعتبار سے اس کا مارکیٹ شیئر 47.7 فیصد ہوگیا ہے۔
مائیکرو واچ رپورٹ میں عندیہ دیا گیا ہے کہ پاکستان میں مائیکروفنانس کا شعبہ مستحکم ترقی پر گامزن ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایم ایم بی ایل نے نہ صرف عالمی وبا کی تباہ کاریوں کے دوران اپنی مسلسل ترقی قائم رکھی بلکہ اپنے تیزرفتار ڈیجیٹل مالی نظام کا فائدہ اٹھا کر اپنا مارکیٹ شیئر بھی بڑھا لیا۔ اپنی ڈیجیٹل کریڈٹ سہولت کی مدد سے بینک کے فعال قرض لینے والوں میں 73.7 فیصد اضافہ ہوا جو پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں مائیکروفنانس انڈسٹری میں سب سے بڑا ہے۔
اسی طرح، سال 2020 کی چوتھی سہ ماہی کے مقابلے میں ایم ایم بی ایل کے بچت کرنے والے فعال افراد کی تعداد میں 12 فیصد اضافہ ہوا۔ سال 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مائیکرو سیونگ کے شعبے میں مجموعی طور پر بچت کرنے والے فعال افراد کی تعداد 64.7 ملین ہے جو گزشتہ سال چوتھی سہ ماہی کے مقابلے میں 5 فیصد زائد ہے اور گزشتہ سال پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔ ایم والٹ کے استعمال سے بچت کرنے والے افراد کی تعداد بڑھ گئی جبکہ 3.5 ملین ایم ایم بی ایل کے والٹس کا بھی اضافہ ہوا۔
ایم ایم بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او، غضنفر عزام نے اس اہم کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "ملک میں سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک کے طور پر ایم ایم بی ایل کو یہ اعزاز ملنے پر ہم انتہائی پرجوش ہیں۔ حالیہ کامیابی سے واضح ہوتا ہے کہ بینک کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں جدت کا عمل آگے بڑھ رہا ہے تاکہ تیزرفتار ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے۔ یہ نظام نہ صرف سادہ، تیزرفتار اور قابل رسائی خدمات پیش کرتا ہے بلکہ سماجی و معاشی اور مختلف دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لئے بینکنگ خدمات کے حصول میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ بھی کرتا ہے۔ ایم ایم بی ایل اپنی اعلیٰ معیار کی خدمات زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور ملک میں چھوٹے و درمیانی کاروبار میں مالیاتی سہولیات کی توسیع کے لئے کوشاں ہے۔”
ایم ایم بی ایل ملک میں ڈیجیٹل اور مالی سہولیات اور خدمات کا ایک بڑا نظام رکھتا ہے۔ یہ مصنوعات اور خدمات لاکھوں افراد بشمول خواتین، گھرانوں اور چھوٹے و درمیانی کاروبار کو معیاری مالیاتی خدمات کی باسہولت رسائی فراہم کرتی ہیں۔ اس ڈیجیٹل نظام کی بدولت ایم ایمبی ایل کو پاکستان کی مالیاتی مارکیٹ میں جدید اور مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے والے مالیاتی ادارے کے طور پر نمایاں مقام کے حصول میں مدد ملی ہے۔ بینک نے پاکستان کے اندر حال ہی میں اپنے کامیاب آپریشنز کے 9 سال مکمل کئے ہیں۔