بیرونی ترسیلات زر رواںسال 29 ارب ڈالر پر پہنچیں گی ، شوکت ترین
ای کامرس کے ذریعے آن لائن خریداروں کے ذریعے روزگار میں بہتری کا عکاس ہے، وفاقی وزیر
اسلام آبا د(ویب نیوز)وفاقی و زیر خزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ بیرونی ترسیلات زر رواں سال 29 ارب ڈالر پر پہنچیں گی، یہ سب سمندر پار پاکستانیوں کا عمران خان پر اعتبار کا نتیجہ ہے۔جمعہ کو بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ ترسیلات زر کی تاریخی سطح ریکارڈ کی گئی، بیرون سرمایہ کم آمدنی والے طبقے سے ہے، جس کی وجہ ان افراد کی اشیا کی خرید و فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیرونی ترسیلات زر اس سال 29 ارب ڈالر پر پہنچیں گی، یہ سب سمندر پار پاکستانیوں کا عمران خان پر اعتبار کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فصلوں کی پیداوار میں تاریخی اضافے سے کسانوں کو 3 ہزار 100 ارب روپے کی آمدنی ہوئی جبکہ گزشتہ برس 2 ہزار 300 ارب روپے تھی، جس سے آمدنی میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔شوکت ترین نے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں نمو سے لوگوں کے چھینے ہوئے روزگار کووڈ سے پہلے کی سطح پر بحالی کی نشان دہی ہو رہی ہے بلکہ روزگار میں مزید اضافہ ہوا ہے کیونکہ گزشتہ ایک دہائی میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ خدمات کے شعبے میں اضافہ خاص طور پر ای کامرس کے ذریعے آن لائن خریداروں کے ذریعے روزگار میں بہتری کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ19 کے باوجود گزشتہ ایک سال میں فی کس آمدنی میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ ٹیکس وصولیوں میں 18 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا، جس کی وجہ معشیت کی غیر معمولی کارکردگی ہے، ٹیکس کی وصولی 4 ہزار ارب کی نفسیانی حد عبور کرچکی ہے۔بجٹ میں تقریر میں انہوں نے کہا کہ ریفنڈ میں پچھلے سال کے مقابلے میں 75 فیصد زائد پیسے دیے ہیں۔