اسلام آباد  (ویب نیوز)

  • وزارت خزانہ اور دفترخارجہ کے امریکا اور دیگر دوست ممالک سے رابطوں میں پیشرفت ہوئی،ذرائع
  • پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں وقفے وقفے سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے
  • چین سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بھی بات ہوئی اور چین کی طرف سے 80کروڑ بھی جلد ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی

پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان براہ راست قرض کے معاملے پرگزشتہ روز مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور دفترخارجہ کے امریکا اور دیگر ممالک سے رابطوں میں پیشرفت ہوئی، وزیر خارجہ اور خزانہ نے آئی ایم ایف کی مشکل شرائط پردوست ممالک سے مدد کی درخواست کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مذاکرات میں وقفے وقفے سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے جبکہ مذاکرات میں رواں سال بیرونی فنانسگ 7 ارب ڈالرکے بجائے 6ارب ڈالر کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چین سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بھی بات ہوئی اور چین کی طرف سے 80کروڑ بھی جلد ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور آئی ایم ایف حکام ترمیم شدہ ایم ای ایف پی پربات کرچکے ہیں، اگلے دو دن میں وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ترمیم شدہ ایم ای ایف پی تیارکریں گے، نئی ایم ای ایف پی میں گردشی قرض میں کمی کا شیڈول شامل کرنے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے ایک مرتبہ پھر اگلے دو روز میں اسٹاف لیول معاہدے کے لیے امید ظاہر کی ہے۔

  • پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات چند روز میں طے ہوجائینگے،امریکی سفیر
  •  پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہت پیشرفت ہوئی ہے ، ڈونلڈ بلوم کا تقریب سے خطاب

پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات چند روز میں طے ہوجائیں گے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہوجائے۔ آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔امریکی سفیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو تیار ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے معاملات چند روز میں طے ہوجائیں گے۔ پاکستان کو دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں امریکا پاکستان کی مدد کے لیے مکمل تیار ہے ۔ڈونلڈ بلوم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہت پیشرفت ہوئی ہے، رواں ہفتہ انتہائی اہم ہے۔ آج (بدھ کو ) پاکستان کے انرجی ڈائیلاگ ہونے والا ہے جبکہ کل( جمعرات کو)دونوں ممالک کے درمیان موسمیات پر مذاکرات ہوں گے۔