کراچی (ویب ڈیسک)
ملک بھر میں مہنگا ہونے والا امریکی ڈالر چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد مندی دیکھی گئی جبکہ سونا مزید مہنگا ہو گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران بھی امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر 68 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 158روپے 19پیسے ہو گئی ہے۔
گزشتہ 50 روز کے دوران ڈالر 5 روپے 91 پیسے مہنگا کا ہوگیا ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر30پیسے مہنگا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 158روپے 30پیسے کا ہوگیا۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 25.38 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے باعث 48 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی اور انڈیکس 47987.14 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
آج عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 2 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور قدر 1 ہزار 785 ڈالر کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئی تھی۔
مزید برآں ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 450 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1 لاکھ 9 ہزار 300 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ دس گرام کی قیمت 386 روپے کی بڑھوتری کے بعد 93 ہزار 707 روپے ہو گئی ہے۔