ملک بھر سے اسلامی یونیورسٹی سمیت 3 جامعات بہترین 200 جامعات کی کیٹگری میں شامل
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
برطانیہ کی ایجنسی ٹائمز ہائیر ایجوکیشن (دی) کی طرف سے ابھرتی ہوئی معیشتوں کی جامعات کی جاری کردہ سال 2022 کے لیے درجہ بندی میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو بہترین 200 جامعات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ رینکنگ کے نتائج کے مطابق اس سال کل 698 جامعات نے اس درجہ بندی میں حصہ لیا جن میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی 179 نمبر پر رہی۔ پاکستان بھر سے 21 جامعات میں سے 3 جامعات بہترین 200 جامعات کی کیٹگری میں شامل ہو سکیں جن میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، قائد اعظم یونیورسٹی اور عبد الولی خان یونیورسٹی شامل ہیں۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی رینکنگ میں حالیہ بہتری کی وجہ جامعہ کی قیادت کی جانب سے جاری اصلاحات ہیں جن میں سے سر فہرست جامعہ کے نئے سٹریٹجک پلان کی تیاری شامل ہے۔ جامعہ کی اعلی قیادت کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والی رینکنگ میں جامعہ کی رینکنگ میں مزید بہتری یقینی ہے جس کی وجہ کئی ایک اقدامات ہیں جن میں نئے سٹریٹجک پلان پر عمل درآمد، تدریسی آڈٹ اور اس کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کے ساتھ روابط میں اضافہ سمیت بین الاقوامی معاہدے و فنڈنگ کے منصوبے، بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں کے لیے کاوشیں اور تحقیق پر خصوصی توجہ شامل ہیں۔رینکنگ میں کامیابی پر پوری بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی کا کہنا تھا کہ عالمی درجہ بندی میں پاکستانی جامعات کی شمولیت اور کامیابی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو اپنا کردار پہچان کر معاشرے کی خدمت کے لیے آگے آنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور جلد تدریسی معیار کی بہتری اور اعلی معیاری تعلیم کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کرادار ادا کریں گے۔صدر جامعہ ڈاکٹرھذال حمود العتیبی نے اسلامی یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ جامعہ کا اکیڈمک اور نان اکیڈمک سٹاف مبارکباد کا مستحق ہے اور امید ظاہر کی کہ ترقی کا یہ سفر ان کی انتھک محنت اور لگن کے ساتھ ایسے ہی چلتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کامیابی ایک کامیاب سفر کا آغاز ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ٹائمز ہائیر ایجوکیشن (دی) کی جاری عالمی درجہ بندی میں جامعہ نے 200 درجے کی ترقی کی تھی جس کے بعد جامعہ کو بہترین 601 سے 800 جامعات کی کیٹگری میں شامل کیاگیا تھا۔