ایک دن ضرور آئے گا جب حجاب پہنی لڑکی بھارت کی وزیر اعظم بنے گی۔ اسد الدین اویسی
نئی دہلی(ویب نیوز)بھارتی رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ میں رہوں یا نہ رہوں لیکن ایک دن ضرور آئے گا جب حجاب پہنی لڑکی ملک کی وزیر اعظم بنے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسد الدین اویسی نے ایک پوسٹ کی ہے جس میں حجاب کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہم اپنی بیٹیوں کو، اگر وہ یہ فیصلہ کرتی ہیں کہ ابا امی میں حجاب پہنوں گی، تو ابا امی پہلے بولیں گے بیٹا پہن، تجھے کون روکتا ہے، ہم دیکھیں گے۔سد الدین اویسی نے کہا کہ ہماری بچیاں حجاب پہنیں گی، نقاب کریں گی، کالج بھی جائیں گی، افسر بنیں گی، ڈاکٹر بھی بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں زندہ رہوں یا نہ رہوں، دیکھنا ایک دن اس ملک کی ایک بچی حجاب پہن کر وزیر اعظم بھی بنے گی۔اس سے قبل اسد الدین اویسی نے کرناٹک میں حجاب پر پابندی لگانے پر مودی حکومت پر شدید تنقید کی تھی۔ انہوں نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یو پی کی خواتین حجاب اور برقع پہن کر ووٹ ڈالنے جائیں، حجاب اور برقع پہننا ہماری خواتین کا حق ہے۔اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ آئین میں ہمارے بنیادی حقوق ہیں، ہم کیا پہنتے ہیں، کیا کھاتے ہیں، کسی کو جھانکنے کی ضرورت نہیں، میری بیٹی کیا پہنے گی، میری ماں کیا پہنے گی، میری بہن کیا پہنے گی، اس کی فکر چھوڑ دیں اور اپنے گھر کی فکر کریں۔