خاتون جج کو دھمکیاں، عمران خان کا ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے انسداد دہشتگری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ
چیئرمین پی ٹی آئی خود جمعرات عدالت کے سامنے پیش ہوں گے، اور باقاعدہ درخواست دائر کریں گے، وکیل بابر اعوان
اسلام آباد( ویب نیوز)
خاتون جج کو دھمکیاں اور توہین عدالت کیس میں عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے انسداد دہشت گری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا اجلاس بنی گالہ اسلام آباد میں ہوا، جس میں عمران خان کیخلاف د رج مقدمہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، قانونی ماہرین نے اپنی آرا سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خاتون جج کو دھمکیاں اور توہین عدالت کیس میں عمران خان ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے انسداد دہشتگری عدالت سے رجوع کریں گے،سابق وزیراعظم آج بروز جمعرات خود انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہو نگے۔ عمران خان کی جانب سے درخواست دائر ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن سماعت کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے تصدیق کرتے ہوئے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے عدالت سے رجوع کریں گے جس کیلئے وہ خود عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ مارگلہ میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کا تین روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔