لاہور (ویب نیوز)
پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا آن لائن میڈیکل جرنل (پی پی ایم جے) کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے Recognize کر لیا۔ یہ میڈیکل جرنل نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بہت معاون ثابت ہوا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ پاکستان پوسٹ گریجویٹ میڈیکل جرنل (پی پی ایم جے) کو ایچ ای سی کی جانب سے تسلیم کئے جانے سے ایک نئی پہچان ملی ہے اور اس کا دائرہ کار مزید وسیع ہونے کی بنا پر دنیا کے میڈیکل سٹوڈنٹس استفادہ کر سکیں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے پی جی ایم آئی کے آن لائن میڈیکل جرنل کی افادیت و اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اسے ریکوگنیشن سے نوازہ ہے جو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور اس کی فیکلٹی کیلئے بہت بڑے اعزاز سے کم نہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پی جی ایم آئی کے پلیٹ فارم سے شائع ہونے والے میڈیکل جرنل میں پروفیسرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کے تحقیقی مقالہ جات جو ان کی طویل پیشہ وارانہ زندگی کا نچوڑ ہوتے ہیں، میگزین میں شائع کئے جاتے ہیں جو ویب سائٹ ppmj.org.pkپرآسانی سے دستیاب ہیں۔ اس سہولت سے دنیا بھر کے نوجوان ڈاکٹرز کی بہت بڑی تعداد استفادہ کر رہی ہے۔یہ میگزین اندرون و بیرون ممالک کے میڈیکل کالجز و یونورسٹیز میں سٹوڈنٹس کی رہنمائی میں معاون ثابت ہوگا۔