ایف آئی اے کی عمران خان کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ کی استدعا

ایف آئی اے نے پولی کلینک یا پمز اسپتال سے طبی معائنہ کر نے کی استدعاکی

عمران خان کو آرتھوپیڈک کا مسئلہ ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کینسراسپتال کی جمع کر ا رہے ہیں

عبوری ضمانت ملنے کے بعد عمران خان رعایت کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہورہے،ایف آئی اے

اسلام آباد(ویب  نیوز)

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے طبی معائنے کے لئے میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست دائر کردی۔ایف آئی اے کی جانب سے بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں دائر درخواست میں عمران خان کے طبی معائنے کے لئے پولی کلینک یا پمز اسپتال کا بورڈ بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عبوری ضمانت ملنے کے بعد عمران خان رعایت کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہورہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت میں توسیع کی درخواست بینکنگ کورٹ میں زیرالتوا ہے، عمران خان ایف آئی اے کے ساتھ تفتیش کے حوالے سے تعاون نہیں کررہے۔ایف آئی اے کے مطابق عمران خان کو آرتھوپیڈک کا مسئلہ ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کینسراسپتال کی جمع کر ا رہے ہیں ۔ شوکت خانم اسپتال کی سربراہی عمران خان کرتے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کو معتبر تسلیم نہیں کرسکتے۔ایف آئی اے کی درخواست میں عمران خان کا طبی معائنہ پمز یا پولی کلینک اسپتال سے کروانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان اداروں کی رپورٹس کو زیرغور لایا جا سکتا ہے۔عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور عمران خان کی رپورٹس عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔