وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسلام آباد میں دومیگا رہائشی منصوبے لانے کاحکم

وزیرخزانہ اسحق ڈار کی سربراہی میں ایک اعلی سطح و اختیاراتی خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی گئی

بین الاقوامی معیار کے دو رہائشی منصوبے سیکٹر سی چودہ اور کری میں لائے جائیں گے، فیصلہ

ترقیاتی منصوبوں کو دن رات کی بنیادوں پر کام کرکے ریکارڈ مدت میں مکمل کیاجائے گا

ایک ماہ میں تارکین وطن کیلئے پہلے مرحلہ میں اسلام آباد میں دس ہزاررہائشی پلاٹوں کے منصوبوں کوحتمی شکل دینے کی ہدایت

ایک مہینے میں نہ صرف مکمل ہوبلکہ اسے اسی دوران اوورسیز پاکستانیوں کوپلاٹوں کی بکنگ کی پیشکش کی جائے ،شہباز شریف

 قومی میڈیا سمیت امریکہ ،انگلینڈ دیگر یورپی ممالک ،خلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر جہاں پربھی پاکستانی ہیں ان منصوبوں کی تشہیر کی جائے گی

اسلام آباد( ویب نیوز)

وزیراعظم شہبازشریف نے معاشی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کواوورسیز پاکستانیوں کے لئے فوری طور پربین الااقوامی معیار کے دومیگا رہائشی منصوبے لانے کاحکم دیدیا۔شہباز شریف نے وزیرخزانہ اسحق ڈار کی سربراہی میں ایک اعلی سطح و اختیاراتی خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈارنے بھی وزیراعظم کے احکامات ملتے ہی کام شروع کردیا ہے۔ابتدائی طور پرفیصلہ کیاگیا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے دو رہائشی منصوبے سیکٹر سی چودہ اور کری میں لائے جائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کو دن رات کی بنیادوں پر کام کرکے ریکارڈ مدت میں مکمل کیاجائے گا۔وزیراعظم نے یہ اقدام ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اورسمندر پارکستانیوں کواس کے بدلے اعلی معیار کی رہائشی سہولیات مہیاکرنے کے دو الگ الگ منصوبہ پرتیز رفتاری سے کام مکمل کرنے کابھی حکم دیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین نے ممبر پلاننگ وسیم باجوہ کوفوری دونوں مجوزہ منصوبوں پرنہ صرف فیزیبلٹی بنانے بلکہ پہلے ہی مرحلہ میں غلطیوں اورکسی بھی سقم سے پاک قابل عمل پی سی ون بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ہنگامی بنیادوں پرپیشرفت کرنے کی ہدایت دیدی ہے کہ ایک مہینے کے اندراندر تارکین وطن کے لئے پہلے مرحلہ میں اسلام آباد میں دس ہزاررہائشی پلاٹوں کے منصوبوں کوحتمی شکل دی جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام عمل ایک مہینے میں نہ صرف مکمل ہوبلکہ اسے اسی ایک مہینہ میں اوورسیز پاکستانیوں کوپلاٹوں کی بکنگ کی پیشکش کی جائے ، قومی میڈیا سمیت امریکہ ،انگلینڈدیگر یورپی ممالک ،خلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر جہاں پربھی پاکستانی ہیں ان منصوبوں کی تشہیر کی جائے گی ، زیادہ سے زیادہ تارکین وطن کو رہائشی پلاٹس دینے کے لئے انکی رجسٹریشن کی جائے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ ایسی پالیسی بنائی جائے گی کہ پہلے مرحلہ میں دس ہزار تارکین وطن کے بعد بچ جانیوالوں کو بھی مرحلہ وار رہائشی پلاٹس دئیے جائیں گے ، منصوبے کے اگلے فیزز میں انہیں شامل کیاجائے گا، تمام منصوبوں میں کمرشل پلاٹس اور شاپنگ سینٹرز و دیگر سب سیکٹروں کی چھوٹی مارکیٹوں کے پلاٹ بھی اوورسیز پاکستانیوں کو ہی دئیے جائیں۔سی ڈی اے سیکٹر سی چودہ دے ملحقہ اورکری میں سترہ ہزار کنال زمین کی نشاندہی کرلی گئی۔ سی ڈی اے کی اپنی ایکوائرڈ اراضی ہے اور اس پر پہلے مرحلہ میں مجموعی طور پر دس سے گیارہ ہزار رہائشی پلاٹس بنائے جائیں گے، اگلے مرحلے میں مذید چار سیکٹر لاکر اوورسیز کوبیس ہزار پلاٹس دئیے جائیں گے۔سینئیر آفیسر کے مطابق  سیکٹر C-14اور کری میں ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے دیدئیے جائیں گے۔