تھر کول بلاک ون کی باڑ سے دو کلو میٹر تک غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی جائے

 اگر چوریاں نہ رکیں تو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے، چیئرمین چینی کمپنی

کراچی (ویب نیوز)

چینی کمپنی نے تھر کول بلاک ون میں چوریوں کی بڑھتی وارداتوں پر حکومت سندھ کو خط لکھ دیا۔ چینی کمپنی کے چیئرمین مینگ ڈھونگ آئی نے چیف سیکرٹری سندھ کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چوری کی وارداتوں میں مقامی نوجوان ملوث ہیں جبکہ قیمتی اسٹیل، الیکٹرک کیبل اور دیگر آلات چوری کرنے والوں کو پولیس سے چھڑوا لیا جاتا ہے۔ چینی کمپنی کے چیئرمین نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ کچھ روز قبل بھی بجلی سپلائی کی ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچایا گیا۔ خط میں چیئرمین کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ سے تھر کول بلاک ون کی باڑ سے دو کلو میٹر تک غیر متعلقہ افراد کی آمد ورفت پر پابندی عائدکرنے کی بھی گزارش کی گئی۔ چینی کمپنی کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ اگر چوریاں نہ رکیں تو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔