پشاور۔۔کے ایم یو اورا یٹا کے زیر انتظام ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 2022 کاکامیاب انعقاد

ٹیسٹ بیک وقت صوبے کے نو مختلف ریجنزکے 13 سنٹرز میں منعقد کیا گیا

ٹیسٹ میں 27871طلباء اور18359طالبات سمیت کل 46230امیدواران شریک ہوئے

طلباء وطالبات اور والدین کی جانب سے ٹیسٹ کے بہترین انتظامات پربھرپور اطمینان کااظہار

ٹیسٹ کا انعقاد کے ایم یو،ایٹا اور صوبائی حکومت کے لئے ایک بڑ اچیلنج تھا،محمد دائود خان سیکرٹری ایچ ای ڈی

پشاور( ویب  نیوز)

خیبر میڈیکل یونیورسٹی(پشاور) اور ایٹا کے زیر انتظام صوبے کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجزمیں داخلے کے لیئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ گزشتہ روز صوبے کے نو مختلف ریجنز پشاور،ایبٹ آباد، کو ہا ٹ، ملاکنڈ، سوات،صوابی،مردان،بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بیک وقت منعقد ہوا۔ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 46230طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں 27871 طلباء اور18359طالبات تھیں۔ ٹیسٹ کے نتائج کاسرکاری اعلان پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے 17نومبرکو کیاجائے گا جب کہ متعلقہ طلباء کی جوابی ببل شیٹ کاپی بمع keyایٹا کی ویب سائیٹ پر24گھنٹوں کے اندر اندر اپ لوڈ کی جائے گی جس سے طلباء اپنا نتیجہ خود اخذ کرسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق اس سال پشاور ریجن میں18295طلباء وطالبات ، ایبٹ آبادریجن میں4614 ، سوات ریجن میں 5416 ، ڈی آئی خان میں 2693 ،بنوں میں 2212،مردان ریجن میں5305،صوابی 2183، کو ہا ٹ میں 2399 جبکہ ملاکنڈ ریجن  میں3113 طلباء وطالبات نے انٹری ٹیسٹ میںشرکت کی۔طلباء وطالبات کے والدین نے ٹیسٹ کے لئے بہترین انتظامات پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور ایٹا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ دونوں ادارے طلباء وطالبات کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیںگے ۔ ٹیسٹ کے موقع پر ایٹاکے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر امتیا زایوب اورپروفیسر ڈاکٹر جواد احمدکے علاوہ دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ٹیسٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا محمد دائود خان نے کہا کہ اس سال طلباء وطالبات کی تعداد میں ریکارڈ اضافے کے باعث ٹیسٹ کا صوبے کے طول وعرض میں انعقاد کے ایم یو،ایٹا اور صوبائی حکومت کے لیئے ایک بڑا چیلنج تھا جس میں سرخروئی پر ہم اللہ تعالیٰ کے بعد تمام متعلقہ اداروں اور منتظمین کے تہہ دل سے مشکو ر ہیں۔انہوں نے ٹیسٹ کے لیئے فول پروف انتظامات اور بیک وقت صوبے کے 13سنٹرز میں ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تمام انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا۔ دریں اثناء اپنے ایک بیان میں وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹرضیاء الحق نے انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر ایٹا،کے ایم یو، جملہ منتظمین،امتحانی سٹاف ،سول انتظامیہ، پولیس اور بالخصوص طلباء وطالبات اور ان کے والدین کومبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقین آئندہ بھی اسی احساس اور قومی جذبے سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں طلباء وطالبات کا ٹیسٹ میں شریک ہونا طب کے مقدس پیشے پر اعتماد کا مظہر ہے جو ہم سب کے لیئے حوصلے اور اطمینان کا باعث ہے۔