اسلام آباد( ویب نیوز)
روس سے تیل اورایل این جی خریدنے کے عمل میں پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان اور روس کی وزارت توانائی کے حکام کے درمیان آن لائن اجلاس ہوا۔ اجلاس میں روس سے تیل کی خریداری کے امور پر بات چیت کی گئی۔ گفتگو کے دوران روسی تیل خریدنے کے سلسلے میں شپنگ اور انشورنس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر بھی بات چیت کی گئی۔ روسی وزیر توانائی 19 جنوری کو پاکستان کا دوروزہ دورہ کریں گے، دورے کے دوران تیل کی خریداری سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، اس دوران پاک روس بین الحکومتی کمیشن کااجلاس 19 اور 20 جنوری کو ہوگا۔