مظفر آباد (ویبنؤس)
بینک آف آزاد جموں و کشمیرکی جانب سے قرضہ جات کی خصوصی سکیم ”Running Finance“ (رننگ فنانس) کے تحت ریاستی صارفین کو364.18ملین روپے سے زائد کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔ گزشتہ روز رننگ فنانس(Running Finance)سے متعلق جاری تفصیلات میں کہا گیا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کا کوئی بھی کھاتہ دارجو اپنے کاروبار میں توسیع کرنا چاہتا ہو، وہ اس سکیم سے مستفید ہو سکتا ہے جب کہ اس سکیم کا مقصد سٹاک کی خریداری، کاروبار کے آپریشنل اخراجات کو پورا کرنے، موجودہ کاروبار/ مجوزہ توسیع کے لئے قرض فراہم کرنا ہے۔ یہ بینک خطہ کا واحدمالیاتی ادارہ ہے جو مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ اور انتہائی آسان شرائط پر صارفین کو اس سکیم کے تحت ایک سال تک کی مدت کے لئے قرضہ جات کی سہولت فراہم کررہاہے اور قرض کی تسلی بخش ادائیگی کی صورت میں یہ مدت قابل تجدیدہوتی ہے۔ صارفین کوتیز ترین پراسیسنگ سے قرضہ جات دیئے جاتے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔رننگ فنانس کی حد سٹیٹ بینک آف پاکستان کی پروڈنشل ریگولیشنز کے تحت کاروبار کی مالیت مدنظر رکھتے ہوئے طے کی جاتی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایڈوانس سیلری لون،گولڈ لون،ہاؤسنگ فنانس، پرسنل لون، کار فنانسنگ، موٹر سائیکل لون، ہوم اپلائنسز، ایس ایم ای، مائیکرو، کمرشل، ٹورازم ڈویلپمنٹ اور ہیلتھ کیئر وغیرہ جیسی قرضہ جات سکیموں تک صارفین کی رسائی اور فوری ادائیگیوں سے خطے کی سماجی اور معاشی ترقی میں تیزی آرہی ہے جب کہ صدر /سی ای اوجناب خاور سعید کی زیرنگرانی ورہنمائی، عملے کی محنت اور ٹیم ورک، صارفین کے تعاون سے بینک بزنس اہداف عبورکر رہا ہے۔