پاک فوج کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کے لیے پرعزم، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کا حل چاہتی ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر
پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے
آرمی چیف کی ایل او سی کے ساتھ اگلے مورچوں کا دورہ کرنے کے دوران افسران اور جوانوں سے گفتگو
آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی،آئی ایس پی آر
راولپنڈی(ویب نیوز)
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، پاک فوج کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کا حل چاہتی ہے،آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار ایل او سی کے ساتھ اگلے مورچوں کا دورہ کرنے کے دوران افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی کور نے ان کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔جنرل عاصم منیر نے آگے کی پوزیشنوں پر افسران اور فوجیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے فوجیوں پر زور دیا کہ وہ مقامی آبادی کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں، ثابت قدم رہیں اور انتہائی خلوص اور لگن کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کریں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مسلسل چوکسی، قابل ذکر آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو برقرار رکھنے پر افسران اور جوانوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، پاک فوج کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کا حل چاہتی ہے۔۔