- پارٹی اور کارکنا ن ہمت نہ ہاریں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام
- گرفتاری اور تشدد کے باوجود کپتان کاجذبہ بلندہے،شاہ محمود قریشی
- تحریک انصاف کے نائب چیئرمین نے پارٹی سربراہ کے پیغام سے آگاہ کردیا
اسلام آباد (ویب نیوز)
پی ٹی آئی کارکنوں، حامیوں کو تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پارٹی سربراہ عمران خان کے پیغام سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ احتجاج جاری رکھیں لیکن پرامن رہیں،انھوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں،کپتان ٹھیک ہیں اور چیئرمین عمران خان نظر بندی اور تشدد کے باوجود پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی خیریت اور صحت کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتاری اور تشدد کے باوجود کپتان کا جذبہ دیدنی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا کارکنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ان کے حوصلے بلند ہیں کارکنان ہمت نہ ہاریں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا پیغام پہنچانے کے لیے تمام علاقائی اور ضلعی سربراہان کا ایک اہم اجلاس آج شام 6 بجے طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت شاہ محمود قریشی کریں گے۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو آج عدالت میں پیش کیا گیا اور 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اب انہیں 17 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان خیریت سے ہیں اورپہلے سے زیادہ پرعزم ہیں لیکن جب انہیں فائرنگ کی وجہ سے پارٹی کارکنوں کی شہادت کی اطلاع ملی تو انہیں بہت دکھ ہوا۔شاہ محمود قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ پرامن رہی ہے کیونکہ ہماری جدوجہد ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہی ہے اور ہمیں اس پالیسی کو برقرار رکھنا ہے۔چیئرمین عمران خان کے پیغام کو آگے پہنچانے کیلئے آج شام 6 بجے تمام ریجنل اور ضلعی سربراہان کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ان سے مشاورت کی جائے گی اور ان کے علاقوں کی صورتحال کے بارے می آگاہی بھی حاصل کروں گا تاکہ تمام تفصیلات عمران خان تک پہنچائی جاسکے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ وکلا سے مشاورت جاری ہے، عمران خان کی گرفتاری پر ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت اور وکلا کو اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔نائب چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اپیل کی کہ کارکنان اپنا احتجاج جاری رکھیں لیکن پرامن رہیں۔ تاہم پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا لیکن حوصلہ پست نہیں کرنا کیونکہ آپ کے قائد کا حوصلہ بلند ہے۔