لاہور (صباح نیوز)
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جہاد میں ہم سب نے بڑھ چڑھ کر کردارادا کرنا ہے ۔ عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری اس وقت اپوزیشن ادا کررہی ہے۔ پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ امدادی رقوم کی فراہمی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں ۔ امدادی رقوم کو ہجوم کی شکل میں تقسیم کرنے سے کورونا پھیل سکتا ہے ۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح پریشان کن ہے۔ یہ صورتحال ان حکومتی دعووں کو بے نقاب کرتی ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس (پی پی ای) فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ کورونا کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز اورطبی عملے کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری ساز و سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ان خیالات کا اظہار شہبازشریف نے اتوار کے روز لاہور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سابق مئیرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔شہبازشریف نے 180 ایچ ماڈل ٹاون میں پارٹی رہنماوں اور عہدیداروں سے مشاورت کی اور ملکی مجموعی صورتحال، پنجاب میں عوام کی امداد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد محمد نوازشریف کی ہدایات کے مطابق ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے حفاظتی لباس ملک بھر میں تقسیم کیا ہے۔ اللہ کی رضاکے لئے یہ سامان آزادکشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں تقسیم کیا گیا۔ ملک بھر میں پارٹی کے نمائندوں اور عہدیداروں نے ڈاکٹرز اور عوام میں حفاظتی کٹس کی تقسیم میں حصہ لیا۔ آپ سب اللہ کی رضا کے لئے اس کارخیر میں اور بھی حصہ لیں ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں ہدایت کرتاہوں کہ خاموشی، بغیر نمودنمائش لوگوں کے گھروں میں سامان پہنچائیں۔رمضان المبارک کی بھی آمد آمد ہے، اللہ تعالی کو راضی کرنے کا اس سے بہتر موقع نہیں ہوسکتا۔ ہر چیز چھوڑ کر لوگوں کی مدد پر لگ جائیں، خود بھی حصہ لیں اور مخیر حضرات کو بھی اس نیک عمل میں شامل کریں۔ محلوں، گلیوں میں پھیل جائیں، صرف عوام کی مدد کا فرض بجالائیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ں)عوام کی مدد کے لئے بھرپور جذبے سے کام کرے۔ بلاامتیاز اور سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کریں ۔مسلم لیگ (ن)( لوکل باڈیز کے عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بلدیاتی ادارے نہ ہونے کے باوجود آزمائش کی اس گھڑی میں وہ عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے بحال کردئیے جائیں تو کورونا کے خلاف جنگ میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ہم نے ہر مرحلے پر بڑی مثبت اور قابل عمل تجاویز دی ہیں۔ اللہ تعالی حکمرانوں حکمرانوںکو مثبت تجاویز سمجھنے اوران پر عمل کرنے کی صلاحیت عطا فرمائے ۔ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کا کلیدی کردار ہے ۔ حکومت پر مسلسل زور ڈالا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے حفاظتی لباس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔:شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں احتیاطی تدابیر اور طبی سہولیات فراہم کرنا لازمی تقاضا ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے ڈاکٹرز اور پاکستانیوں کے لئے ہمارے دل دکھی ہیں ۔ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحیقن کو صبرجمیل دے ۔ اللہ تعالی عوام کو اس وباسے محفوظ رکھے لیکن عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔خداکرے کہ ہسپتالوں میں بہتر انتظامات ہوں، عوام کی مدد کو یقینی بنایا جائے۔