مدینہ منورہ (ویب نیوز)
مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمینِ حج کی آمد جاری ہے، 21 مئی سے جاری 32 حج پروازوں کے ذریعے 7 ہزار 337 عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ گئے جب کہ مزید 3400 عازمینِ حج کو لے کر 13 حج پروازیں مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہیں۔ ترجمان مذہبی امور نے کہا ہے کہ وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کی ہدایت پر مانیٹرنگ ٹیم تشکیل کر دی گئی۔ عازمین حج سے ان کی رہائش گاہوں میں ملاقاتیں اور فیڈ بیک لیا جا رہا ہے۔ مدینہ منورہ کے مین کنٹرول آفس کے ذریعے عازمین کی سہولت و رہنمائی کے شعبہ جات مصروف عمل شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنے والے ایک درجن سے زائد ضعیف عازمین کو انکی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔عازمینِ کرام کے12 بڑے بیگ تلاش کر کے مالکان کے حوالے کئے گئے۔پاکستان حج مشن کے تحت شعبہ خوراک، رہائش ، زیارت جنت البقی، مکہ روانگی ، شکایات24/7 شفٹوں میں کام کر رہے ہیں ۔مدینہ منورہ میں حج میڈیکل مشن کے تحت قائم ہسپتال میں 8 عازمینِ حج کو طبی امداد فراہم کی گئی۔