آفیشل سیکریٹ ، آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہ کرنے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا
صدر مملکت کے بیان کے بعد قانون سازی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، ایکٹ سے براہ راست عوام کے حقوق وابستہ ہیں
معاملے کی تحقیقات کے لیے حکومت کو 10 دن میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا جائے،درخواست میں استدعا
اسلام آباد(ویب نیوز)صدر مملکت عارف علوی کے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہ کرنے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا۔سپریم کورٹ میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل معاملے کی تحقیقات کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ نے دائر کی اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے حکومت کو 10 دن میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست کے زیر التوا ہونے تک آفیشل سیکرٹ اور آرمی ایکٹ پر عملدرآمد روک دیا جائے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ صدر مملکت کے بیان کے بعد قانون سازی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، آفیشل سیکرٹ اور آرمی ترمیمی ایکٹ سے براہ راست عوام کے حقوق وابستہ ہیں۔