آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر میں سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن غیر قانونی قراردیدی

آزاد جموں کشمیر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو عبوری رجسٹریشن دی تھی، عبوری رجسٹریشن کا آئین میں تصور موجود نہیں

سیاسی جماعتوں نے رجسٹریشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، سیاسی جماعتیں کونسلرز کو نوٹسز جاری نہیں کر سکتیں،عدالت

مظفر آباد(ویب  نیوز)

آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا لارجر بینچ چیف جسٹس صداقت حسین ،راجہ جسٹس میاں عارف حسین ،جسٹس سردار اعجاز خان اور جسٹس خالد رشید چوہدری پر مشتمل تھا آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے رجسٹریشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے بغیر رجسٹریشن نہیں دے سکتا تھا ،آزاد جموں کشمیر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو عبوری رجسٹریشن دی تھی عبوری رجسٹریشن کا آئین میں تصور موجود نہیں ہے ،اس حوالے سے ہائی کورٹ میں مختلف رٹیں دائر کی گئی تھی رٹوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیاسی جماعتیں کونسلرز کو نوٹسز جاری نہیں کر سکتیں، پاکستان مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کے بعد چیئرمین ضلع کونسل اور مئیر وغیرہ کے الیکشن میں جماعتی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر بہت سے کونسلرز کو نوٹس جاری کئے تھے، متاثرہ کونسلر نے آزاد کشمیر ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ جب ایک سیاسی جماعت کی بنیاد درست نہیں ہے تو وہ کسی کو نوٹس جاری نہیںکرسکتی۔