حکومت پنجاب کا راولپنڈی میں مصنوعی بارش کا تجربہ کرنے کا فیصلہ
بادلوں کی ممکنہ موجودگی میں مصنوعی بارش کا فیصلہ کیا جائے گا
ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان
پنجاب میں شدید اسموگ اور دھند کی وجہ سے ملتان کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر..ملتان کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں
راولپنڈی( ویب نیوز)
حکومت پنجاب نے صوبے میں اسموگ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر راولپنڈی میں مصنوعی بارش کا فیصلہ کرلیا ۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے مصنوعی بارش کا تجربہ راولپنڈی میں کرنے کا فیصلہ کرلیا، بادلوں کی ممکنہ موجودگی میں مصنوعی بارش کا فیصلہ کیا جائے گا۔صوبائی حکومت کے اس فیصلے کے بعد محکمہ ماحولیات سمیت متعلقہ ادارے راولپنڈی پہنچ چکے ہیں۔خیال رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت متعدد شہروں میں اسموگ کی وجہ سے صورت حال بہت خراب ہے اور لاہور دنیا میں آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے۔گزشتہ روز ملتان میں بھی اسموگ سے آلودگی کا انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے اور صوبائی حکومت نے حدنگاہ کے مسئلے کے پیش نظر موٹروے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔بھارت سے آنے والی ہوائوں کی وجہ سے لاہور میں اسموگ کی صورت حال مزید ابتر ہوجاتی ہے اور اب راولپنڈی سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دھند اور اسموگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کردیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقا مات پر بارش کی توقع ہے۔پیر کو گلگت بلتستان ، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا ، مری اور گلیات، میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی بارفباری ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو اور گوپس میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک پہنچ گیا جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلندو بالا پہاڑوں پربرفباری ہوگی۔پنجاب کے بیشتراضلاع میں اسموگ کا راج ہے تاہم رات کے دوران شدید دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ بلوچستان اور سندھ میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ پنجاب کے زیادہ تر علا قے اسموگ کی لپیٹ میں رہے۔ کراچی میں پیر اور منگل کو دھند چھانے کا امکان دوسری جانب کراچی کی فضائوں پر پیر اور منگل کو دھند چھانے کی توقع ہے جس کے سبب حدنگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ پیشگوئی کے مطابق شہر میں سمندری ہوائوں کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی سمت سے بھی ہوائیں چل سکتی ہیں۔کراچی کا کم سے کم پارہ 3 روز کے دوران 21 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 تا 35 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں شدید اسموگ اور دھند کی وجہ سے ملتان کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر
صوبہ پنجاب میں شدید اسموگ اور دھند کی وجہ سے ملتان کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے ، حد نظر انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ملتان کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق اسموگ اور انتظامی مسائل سے ملک بھر کی 34 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مسقط سے ملتان کی پرواز پی کے 172 کو حد نظر کم ہونے پر اسلام آباد جبکہ جدہ سے ملتان پہنچنے والی نجی ائیر کی پرواز پی ایف 723 کو لاہور اتارا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ مسقط سے لاہور کی نجی ائیر کی پرواز پی ایف 733 کو سیالکوٹ اور دبئی سے لاہور کی نجی ائیر لائن کی پرواز کو اسلام آباد لینڈ کرایا گیا جبکہ حد نظر کم ہونے کی وجہ سے ملتان کراچی کی 2 ملکی پروازیں، غیر ملکی ائیر لائن کی جدہ ملتان کی 2 پروازیں اور ملتان ریاض کی 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ذرائع نے بتایا کہ دوحا ملتان کی غیر ملکی ائیر کی 2 پروازیں کیو آر 616، 617 جدہ ملتان اور دبئی کی 2 پروازیں پی اے 871 ایف زیڈ 325، 326 تاخیر کا شکار ہوئیں، مسقط، کراچی، دوحا سے لاہور کی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔اس کے علاوہ لاہور سے کوالالمپور، دبئی استنبول، جدہ کراچی، مدینہ اور العین سے اسلام آباد پروازوں کی امد روانگی میں تاخیر ہوئی، جدہ اسلام آباد سے جدہ ریاض استنبول بحرین کی پروازوں میں تاخیر ہوئی جبکہ شارجہ اور استنبول سے کراچی کی پروازوں کی آمد میں تاخیر ہوئی اور کراچی سے لاہور کے لیے پی آئی اے کی پرواز شیڈول سے 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو سکی۔





