سی ڈی اے آپریشن ، راول ڈیم چوک کے قریب مدنی مسجدشہید

گرین بلٹ پر بنائی گئی مساجد کی  فہرست میں  مدنی مسجدشامل تھی

اسلام آباد(ویب  نیوز) 

وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ مل کر راول ڈیم چوک کے قریب مدنی مسجد کو رات کے اندھیرے میں شہید کردیا گیا،انتظامیہ نے رات کے اندھیرے میں فیض آباد سے راول ڈیم جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کرکے آپریشن کیا پورے مسجد کی عمارت کو شہید کرنے کے بعد ملبہ بھی ٹرکوں میں لے گئے جبکہ مسجد کی زمین پر نئی پودے بھی لگادیئے گئے،مسجد کو شہید کرنے کے حوالے سے سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے کسی قسم کا موقف نہیں دیا،چند دن قبل اسلام آباد میں 50 گرین بلٹ پر بنائی گئی مساجد کی لسٹ جاری کی گئی تھی اور مساجد کو نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات کو سی ڈی اے نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر مدنی مسجد کو شہید کرنے کا آپریشن شروع کیا جس کے لیے اسلام آباد پولیس نے فیض آباد سے راول ڈیم اور راول ڈیم سے فیض آباد جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی اسی دوران سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے مسجد کو شہید کرنے کا آپریشن شروع کردیا راتوں رات ناصرف مسجد شہید کی گئی بلکہ مسجد کا ملبہ بھی اٹھا کر لے گئے اور وہاں پر پودے لگادیئے گئے ۔ دریں اثنا وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے بیان میں مدنی مسجد کی شہادت کے واقعے کو افسوسناک قرار دیا گیا ہے  ، بیان کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ مسجد و مدرسہ کو اپنی جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے ورنہ اس کے ملک کے مستقبل پر بہت منفی اثرات مرتب ہوں گے- وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا کہ آئندہ کے لیے ایسے کسی بھی اقدام سے توبہ و استغفار کا اہتمام کیا جائے-