پاکستان چین کے بنیادی قومی مفادات، ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتا ہے: صدر آصف زرداری

دنیا میں منفرد مثال، پاکستان، چین دوستی وقت کی ہرآزمائش پر پوری اتری: شہباز شریف

اسلم آباد  (  ویب  نیوز  )    صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 75 سال پہلے شروع ہونے والا سفر آج آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر شپ میں بدل چکا ہے، پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا دفاع کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، ترقی کا حصول پاکستان اور چین کا مشترکہ خواب ہے، دوطرفہ تعلقات کو عوامی، سیاسی، ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ صدرشی جن پنگ کی قیادت نے پاک چین تعلقات کو بےمثال بلندیوں تک پہنچایا، چین کی ترقی، جدت، غربت کا خاتمہ دنیا کے لیے مثال ہے، دونوں ملکوں کے فروغ پاتے تعلقات سے مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع کھلے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ گلوبل ڈویلپمنٹ، سکیورٹی، گورننس اقدامات پر چین کا کردارلائق تحسین ہے، گوادر بندرگاہ کی تعمیر چین کی جانب سے عظیم تحفہ ہے، پاکستان چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہمیشہ احترام کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے بنیادی قومی مفادات، ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتا ہے، دونوں ملک امن، استحکام، کثیرالجہتی ترقی کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آئیں! اس تاریخی موقع پر فولادی دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے کا عہد کریں، امن، ترقی اور خوشحالی کے تسلسل کے لئے دعاگو ہیں۔sharethis sharing button

اسلام آباد: (ویب  نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا میں منفرد مثال پاکستان، چین دوستی وقت کی ہرآزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان سب سے پہلا مسلم ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا۔

چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وائس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس تسائی دافنگ نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چینی بھائیوں کی تقریب میں موجودگی باعث مسرت ہے، صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی اور چینی قیادت کو خوشی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں

شہباز شریف نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت، چین نے بےمثال ساتھ دیا، پاکستان نے ہمیشہ ون چائنہ پالیسی کی حمایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوئی، سی پیک صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا عملی مظہر ہے، سی پیک پاکستان کی معیشت اور روزگار کی فراہمی کے لیے اہم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہر مشکل وقت میں چین کے تعاون کو سراہا، خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک، چین دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے، مشترکہ کاوشوں سے ترقی کا راستہ طے کریں گے، آج چین کی اقتصادی اور فوجی قوت دنیا کے لیے مثال ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ زراعت میں جدت کے لیے چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے، ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس نے چین میں جدید تربیت مکمل کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے، پاکستان میں موجود ہر چینی شہری کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ صدر شی جن پنگ جلد پاکستان تشریف لائیں گے۔

عالمی فورمز پر پاکستان کے ساتھ قریبی روابط مزید بڑھائیں گے: وائس چیئرمین تسائی دافنگ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس تسائی دافنگ نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے، صدر پاکستان اور وزیراعظم کا شکریہ کہ وہ تقریب کو رونق بخشنے کیلئے تشریف فرما ہیں۔

وائس چیئرمین نے کہا کہ 2015 میں سی پیک کے تحت تعلقات ’’آل ویدرسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ تک پہنچائے گئے، عالمی فورمز پر پاکستان کے ساتھ قریبی روابط مزید بڑھائیں گے،۔

تسائی دافنگ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی قومی آزادی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور وقار کے تحفظ کی مضبوط حمایت جاری رکھے گا۔

وائس چیئرمین نے کہا کہ حقیقی کثیرالجہتی نظام اور منصفانہ عالمی نظام کے لیے مل کر کام کریں گے، سائنس، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تحفظ کے لیے تعاون بڑھائیں گے۔

 

 

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور کائے ڈی فینگ نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا، بچوں کی جانب سے چینی ثقافتی نغموں پر شاندار پرفارمنس پیش کی گئی۔

صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، کائے ڈی فینگ اور چینی سفیر نے مل کرکیک کاٹا، پاکستانی اور چینی گلوکاروں نے دونوں ملکوں کے نغمے پیش کیے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور کائے ڈی فینگ نے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کیا۔