آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری ترجیح ہے: شزا فاطمہ

لاہور:( ویب نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اولین ترجیح ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کی نجی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 50 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، آئی ٹی شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ہنرمند انسانی وسائل کی تیاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک لاکھ تربیت یافتہ آئی ٹی ماہرین پاکستان کی معیشت میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ کرسکتے ہیں، حکومت آئی ٹی صنعت کے ساتھ مل کر برآمدات میں مسلسل ترقی کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے پاکستان کی مؤثر مارکیٹنگ اور عالمی سطح پر ملک کا تاثر بہتر بنانا ضروری ہے۔ پاکستان کو آئی ٹی کے شعبے میں ہنرمند انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے، اس لیے اسکول سے یونیورسٹی کی سطح تک نوجوانوں کی درست تربیت ناگزیر ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت آئی ٹی شعبے کے لیے بڑے پیمانے پر تربیتی پروگرامز کررہی ہے، تاہم ٹیکنالوجی کی تیزی سے بدلتی صنعت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی صنعت تیزی سے منتقل ہونے والی صنعت ہے، کاروبار اور لین دین میں آسانی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا دبئی اور سنگاپور میں ٹیک کمپنی چند منٹوں میں رجسٹر ہوسکتی ہے، پاکستان میں بھی آئی ٹی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا ہوگا۔





