COVID-19 test

اسلام آباد (این این آئی)

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی، مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1298 تک جاپہنچی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 3، خیبرپختونخوا میں 3 جب کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔پنجاب میں بدھ اور جمعرات کے روز پے در پے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جہاں بدھ کے روز راولپنڈی میں بیرون ملک سے آنے والی خاتون چل بسیں جبکہ جمعرات کو لاہور میں کورونا سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جو اب تک شہر میں وائرس سے دوسری ہلاکت تھی۔

پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 2 اسلام آباد، 2 کا خیبر پختونخوا اور ایک کا پنجاب سے ہے۔ جمعہ کو پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 104 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن میں سے سندھ میں 19، اسلام آباد 2، پنجاب 14 کیسز،کے پی میں 53 اور گلگت بلتستان میں 16 کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 14 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 419 ہوگئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔محکمہ صحت پنجاب نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ لاہور میں 104، گجرات 22، گوجرانوالہ 8، جہلم 19، راولپنڈی 14، ملتان 3، فیصل آباد 5، منڈی بہاؤ الدین 3، میانوالی 2، ڈی جی خان 207 اور 5 زائرین جبکہ نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا، اٹک اور بہاول نگر میں ایک ایک کیسز ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 3 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک مریض راولپنڈی اور 2 لاہور میں جاں بحق ہوئے۔کرونا وائرس کے حوالے سے جنوبی پنجاب میں پہلی اچھی خبر سامنے آئی ہے جہاں مظفرگڑھ کے رجب طیب اردوان اسپتال میں زیرعلاج کرونا وائرس سے متاثرہ پہلی خاتون صحتیاب ہوگئیں جنہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 440 ہوگئی ہے جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جبکہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد شہر میں کیسز کی کل تعداد 164 ہوگئی ہے، حیدرآباد میں 3 کیسز ہوچکے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق سکھر میں کورونا وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 265 اور لاڑکانہ میں 7 ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے، اب تک سندھ میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 53 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں کی۔اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 176 ہوگئی ہے، صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔واضح رہے کہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔جمعہ کو سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 2 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

بلوچستان میں اب تک کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ گلگت بلتستان میں جمعے کو کورونا کے مزید 16 کیسز سامنے آئے۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 103ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے تصدیق شدہ مریضوں کا تعلق بلتستان ڈویژن سے ہے۔ اس کے علاوہ 3 افرادکی تازہ رپورٹ نیگیٹو آنے پر آئسولیشن سینٹر سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔گلگت میں بدھ کے روز 2 مریض صحتیاب ہوئے تھے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی تھی۔ ایک رو قبل میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔