کراچی(صباح نیوز)
بینک دولت پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کی بنا پر معاشی مشکلات سے نبرد آزما کارکنوں کے روزگار کو سہارا دینے کے لیے” ری فنانس اسکیم فار پیمنٹ آف ویجز اینڈ سیلریز ٹو دی ورکرز اینڈ ایمپلائز آف بزنس کنسرنس” کے نام سے کاروباری اداروں کے لیے ایک عارضی ری فنانس اسکیم متعارف کرائی ہے۔
اس سہولت کا بنیادی مقصد کاروباری اداروں کو ترغیب دینا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ملازمین کو برطرف نہ کریں۔یہ اسکیم پاکستان کے تمام کاروباری اداروں کو بینکوں کے توسط سے دستیاب ہوگی اور اس میں مستقل، کنٹریکٹ، ڈیلی ویجز سمیت ہر قسم کے ملازمین نیز آؤٹ سورس کارکن بھی شامل ہوں گے۔ اس اسکیم کے تحت ان کاروباری اداروں کو جو اپریل تا جون 2020ء کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہیں کریں گے اِن تین مہینوں کی اجرتوں اور تنخواہوں کے اخراجات کے لیے فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔اس اسکیم کے تحت لیے گئے قرضوں پر مارک اپ 5 فیصد تک ہوگا۔ قرض لینے والے جو افراد ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل ہیں وہ مزید کم یعنی 4 فیصد مارک اپ ریٹ پر قرضے حاصل کرسکیں گے۔یہ اسکیم چھوٹے کاروباری اداروں کو ترجیح دینے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ جن کاروباری اداروں کی تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 200 ملین روپے تک ہے وہ اس پوری رقم کی فنانسنگ حاصل کرسکیں گے جبکہ وہ کاروباری ادارے جن کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 500 ملین روپے سے زیادہ ہیوہ اس خرچ کے 50 فیصد تک فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔ درمیانی کٹیگری میں آنے والے تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کے خرچ کے 75 فیصد تک فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔بینک اس اسکیم کے تحت قرضے کی پروسیسنگ فیس، کریڈٹ لمٹ فیس، پری پیمنٹ پینالٹی چارج نہیں کریں گے۔ قرض کی اصل رقم کی ادائیگی دو سال میں کرنی ہوگی جبکہ قرض لینے والوں کو چھ ماہ کی رعایتی مہلت بھی دی جائے گی۔بینک اس اسکیم کے استعمال پر اسٹیٹ بینک کو ہفتہ وار رپورٹنگ فراہم کریں گے خصوصاً اس اسکیم کے تحت فنانسنگ کی درخواستوں رد کرنے کی وجوہ بتائیں گے۔اسٹیٹ بینک کو توقع ہے کہ اس اسکیم کا ایک بڑا فائدہ یہ پہنچے گا کہ جو آجر اپنے پے رول پر ملازمین کو برقرار رکھیں گے وہ صورت حال معمول پر آنے پر جلد اپنی پیداوار بحال کرسکیں گے یا اس میں اضافہ کرسکیں گے۔ اسکیم سے کاروباری اداروں کے لکویڈیٹی کے مسائل کم ہوں گے اور وہ دستیاب مالی وسائل کو ورکنگ کیپٹل کی دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔دلچسپی رکھنے والے کاروباری ادارے اسٹیٹ بینک کے ویب سائٹ پر تفصیلات جان سکتے ہیں کوئی معلومات جو اس ویب سائٹ پر دستیاب نہ ہوں ان کی مزید وضاحت کے لیے دلچسپی رکھنے والے کاروباری ادارے covid19.stimulus@sbp.org.pپر ای میل تحریر کرکے یا معمول کے کاروباری اوقات میں 021ـ111727273 پر فون کرسکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے پاکستان کی معیشت پر کووڈ19 کے اثرات کو کم کرنے کے لیے حالیہ ہفتوں میں کئی اقدامات کیے ہیں جن میں ایک سال کے لیے قرض کی اصل رقم کی واپسی کی مدت میں توسیع، کووڈ19 سے نمٹنے کے لیے آلات کی خریداری پر اسپتالوں کو رعایتی فنانسنگ  اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔