کورونا وائرس کی وباء کے تدارک کیلئے پوری قوم متحد اور یکجا ہو کر جنگ لڑ رہی ہے ،صدرمملکت

کوئٹہ(صباح نیوز)

صدرمملکت ڈاکٹر  عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے تدارک کیلئے پوری قوم متحد اور یکجا ہو کر جنگ لڑ رہی ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیںکورونا وائرس کے تدارک کے ساتھ ساتھ احساس کفالت پروگرام کے تحت غریب طبقات کی مشکلات کے ازالے کیلئے بھرپور اور مربوط اقدامات اٹھارہی ہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے، تفتان اور پاک افغان بارڈر چمن کے مقامات بارڈر سے داخل ہونے والے افراد کی اسکریننگ اورقرنطینہ کی سہولیات پر صوبائی حکومت کی خدمات کو سراہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک روزہ دورہ کوئٹہ کے موقع پر اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اجلاس میں گورنربلوچستان امان اللہ یاسین زئی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری،چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل صوبائی وزراء میر ظہور بلیدی انجینئر زمرک اچکزئی عبدالخالق ہزارہ ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل وسیم اشرف و اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے صدر مملکت عارف علوی کو کورونا وائرس سے متعلق بریفنگ دی صدر عارف علوی نے حکومت بلوچستان کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے تعاون سے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہیں. صدر نے کہا اس وقت منتخب نمائندے غریب عوام کیلیے جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ شعوری آگاہی کی ترویج کیلئے کلیدی کردار ادا کریں. صدر نے منتخب قومی و صوبائی اسمبلی کے نمائندوں اور  تمام علماء کرام پر زور دیا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ غربت کے خلاف بھی لڑرہی ہے صدر نے کہا کہ کورونا وائرس کی اس غیر معمولی صورتحال میں تعلیمی سلسلے کو جاری و ساری رکھنے کیلئے ٹیلی ویڑن اور ایف ایم ریڈیو کو بروئے کار لاکر تعلیمی حرج کو پورا کیا جاسکتا ہے۔کورونا وائرس کی اس وباء میں ہم نے بہت سی مثبت باتیں بھی سیکھی اور یہ واضح ہوا کہ خوراک اور زرعی پیداوار میں خود کفالت اختیار کر کے خوراک کے بحران سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران غریب افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے تجارتی مراکز بند ہونے کے اثرات محنت کش اور کاروباری طبقات پر پڑے ہیں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد کورونا وائرس کو شکست دیکر معمولات زندگی کی جانب گامزن ہوں گے. چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے اجلاس کو بتایا کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور ضروریات کے مطابق سامان فراہم کررہا ہے ۔صوبائی حکومت کی ڈیمانڈ کے مطابق مزید سامان بھی فراہم کریں گے۔

Editor

Next Post

بھارتی سینئر سفارتکار کی طلبی، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا شدید احتجاج 

بدھ اپریل 29 , 2020
اسلام آباد(صباح نیوز) بھارتی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار کو بدھ کے روزدفتر خارجہ طلب کیاگیا اور بھارتی قابض افواج کی جانب سے28اپریل 2020کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کے شدید زخمی ہونے پر احتجاج کیا گیا۔ […]