اسلام آباد(صباح نیوز)
ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ پینشن میں اضافے کے خلاف وفاقی وزارت قانون انصاف میدان میں آگئی ،وزارت قانون انصاف کے اعتراضات کے بعد وزیراعظم کے حکم پر ہونے والا دوہزار کااضافہ واپس لے لیاگیا،بزرگ پنشنرز کی پنشن 8500سے واپس 6500کردی گئی ،،ترجمان وزارت قانون انصاف نے اعتراض لگانے کی تصدیق کردی۔اس خبررساں ادارت کے مطابق وفاقی حکومت نے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ پینشن میں 2 ہزار روپے اضافہ صرف 2 ماہ بعدماہ اپریل میں خاموشی سے واپس لے لیا۔وزیراعظم نے ٹیوٹٹ کے ذریعے پنشنرزکے لیے خصوصی اعلان کیاتھا۔حکومت کی جانب سے ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن میں جنوری سے اضافہ کرتے ہوئے کم از کم 6500 روپے سے 8500 روپے کر دی تھی جو مارچ میں2 ماہ کے اضافی بقایاجات4 ہزار روپے سمیت ادا کر دئیے گئے تھے مگر اپریل کے ماہ میں پنشنرز کو پنشن کی مد میں2 ہزار روپے کم کر کے دوبارہ 6500روپے ادا کیے گئے ہیں۔پنشنرز نے مطالبہ کیا کہ پنشن کی رقم سے کٹوتی کیے گئے 2ہزار روپے فوری طورپر پنشنرز کو ادا کیے جائیں ۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزرت قانون انصاف نے ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز میں دو ہزار کیاجانے والے اضافے پر اعتراض لگایاتھا جس کے بعد اضافہ روک دیاگیاہے ۔ترجمان وزارت قانون انصاف سے اس حوالے سے موقف لینے کے لیے رابطہ کیاگیاتو انہوں نے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ پینشن کی پنشن میں اضافے پروزارت قانون وانصاف کے اعتراض کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ اضافے پر تکنیکی وجوہات پر اعتراض لگایاگیاتھا۔