تحریک انصاف نے جبری لاپتہ کارکنان کی نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر سے بازیابی کا مطالبہ کردیا

پارٹی کے سیکریٹری جنرل  نے نگران وزیر اعظم اور چیف الیکشن کمیشنر کو الگ الگ خطوط بھیج دیئے

 خط کی نقول چاروں نگران وزرائے اعلی کو بھی بھجوا دی گئیں

جبری گمشدگیوں سے انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان رہے گا،عمرایوب خان

اسلام آباد (  ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے جبری لاپتہ کئے سیاسی رہنماؤں قائدین و کارکنان کی نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر سے بازیابی کا مطالبہ کردیا ۔پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان نے نگران وزیر اعظم اور چیف الیکشن کمیشنر کو الگ الگ خطوط بھیج دیئے ۔  خط کی نقول چاروں نگران وزرائے اعلی کو بھی بھجوا دی گئیں۔پارٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ  تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب، صداقت عباسی، عثمان ڈار، اویس یونس، عرفان سلیم، عبدالکریم خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کئی روز سے لاپتہ ہیں، ان تمام افراد کی جبری گمشدگیاں آئین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ عمر ایوب خان  نے کہا ہے کہ جب تک ان افراد کو رہا اور جبری گمشدگیوں کے ذمہ داران کو کٹہرے میں نہیں لایا جاتا آئندہ عام انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان رہے گا، امید ہے کہ جبری طور پر گمشدہ کیے گئے افراد کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ان کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی نے قیادت کیخلاف جیل ٹرائل سے متعلق وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا

پی ٹی آئی کی قیادت کیخلاف پارٹی  نے جیل میں ٹرائل کا وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا۔ترجمان نے کہا ہے کہ جیل میں ٹرائل کے حوالے سے وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن فیئر ٹرائل کی صریح خلاف ورزی ہے جسے کسی طور قبول نہیں کیا جاسکتا،سائفر مقدمہ  کو اس کے اندراج سے لیکر  اب تک ایک خاص طرز پر چلانے کی کوشش کی جارہی ہے،دستور کا آرٹیکل ٹین-اے ہرشہری کو منصفانہ سماعت کا حق دیتا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کی طرح سائفر کے معاملے پر من گھڑت مقدمہ قائم کیا گیا اور اس میں بھی پہلے سے طے شدہ فیصلے کے مطابق ٹرائل کو نہایت عجلت میں ایک خاص انداز میں آگے بڑھایا جارہا ہے،جیل میں ٹرائل کا نوٹیفکیشن فورا واپس لیا جائے اور چیئرمین اور وائس چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ کی کھلی عدالت میں سماعت کی جائے۔ ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ  فیئر ٹرائل کے بنیادی آئینی حق سے محرومی پارٹی عمران خان چیئرمین اور وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کو عدالت کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کوششوں کا چیف جسٹس آف پاکستان  نوٹس لیں۔