اسلام آباد (صباح نیوز)

سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسلام آباد کی تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کھول دیئے گئے، پنجاب حکومت نے بھی شاپنگ مالز 24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مارکیٹوں کو شام 5 بجے تک ہی کھولنے کی اجازت ہو گی۔وفاقی دارالحکومت میں چھوٹی بڑی تمام مارکیٹیں کھول دی گئیں، تمام ہیئر سیلونز اور باربر شاپس کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کھولنے کا نوٹیفکیشن  جاری کر دیا۔پنجاب حکومت نے بھی عدالت عظمی کے حکم پر لاہور کے تمام شاپنگ مالز کھول دیئے، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے تاہم مارکیٹوں کو شام 5 تک کھلی رہنے کی اجازت ہو گی۔ حکومت کی جانب سے صارفین کو ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے داخلی راستوں پر ڈس انفیکٹ ٹنلز لگا دی گئیں، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی شاپنگ مالز کھول دئیے گئے ہیں، پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے کاروباری مراکز میں تین روز بعد کا روبار چل پڑا۔ادھر سندھ حکومت نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا اشارہ دیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے پورا ہفتہ مارکیٹیں کھولنے کے حکم پر عمل درآمد کے پابند ہیں، ہفتے اور اتوار کو مارکیٹیں کھول دیں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے  کورونا ازخود کیس کی سماعت کے دوران مارکیٹیں اور کاروباری سرگرمیاں ہفتہ اور اتوار کو بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے، عدالت نے کراچی کی تمام مارکیٹس بھی کھولنے کی ہدایت کر دی۔