ترک صدر کا وزیراعظم عمران خان کو فون، طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

اسلام آباد(صباح نیوز)

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ ترک عوام اس مشکل کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی حمایت کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پیر کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور عید سے دو روز قبل کراچی میں ہونے والے پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اےْ کے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ترک صدر نے اپنی عوام کی جانب سے اس دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے عید الفطر کی مبارک باد بھی پیش کی۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے رہنماوں نے کووڈ 19 کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث پاکستان کو مستقبل میں درپیش معاشی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ معاشی اور معاشرتی انتشار کو روکنے کے لیے جامع اور مضبوط منصوبہ سازی کی ضرورت ہے۔انہوں نے بات چیت کے دوران ترقی پذیر ممالک کے لیے قرض سے متعلق عالمی اقدامات پر روشنی ڈالی تاکہ وہ ممالک چیلنجز کا مقابلہ کرسکیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں اور کشمیر میں جاری کریک ڈان اور لاک ڈاون کے باعث مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو درپیش انسانیت سوز صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعظم نے ترک صدر کو حال ہی میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں نافذ کیے گئے ڈومیسائل قانون پر پاکستان کی تشویش کا بھی اظہار کیا جو ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب دنیا کورونا وائرس جیسی وبا سے نبرد آزما ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت میں کووڈ 19 کا ذمہ دار مسلمانوں کو قرار دیئے جانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کی جانب سے اسے مسترد کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ پی آئی اے کا طیارہ اے 320-214 میں 99 افراد سوار تھے اور دوبارہ لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران طیارہ تباہ ہو گیا تھا جبکہ طیارے میں سوار 97 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

Editor

Next Post

شمالی وزیرستان میں سی ایس پی افسر سمیت 3 افراد کی 'ٹارگٹ کلنگ'

منگل مئی 26 , 2020
میران شاہ (صباح نیوز) خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں عید کے روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں سی ایس پی افسر سمیت 3 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔مقامی افراد اور پولیس کے مطابق واقعہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں پیش آیا۔جہاں عید کے […]