لاہور(صباح نیوز)

مسلم لیگ (ن)کی رہنماء  مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں۔نوازشریف کی لندن کے ہوٹل میں بیٹھے ہوئے وائرل ہونے والی تصویر پر ہونے والی تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے  اپنے ٹویٹ میںکہا ہے کہ نواز شریف کے مخالفین کا ہر حربہ ہمیشہ کی طرح الٹا ہو گیا، تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو کہ ہر بار کی طرح ناکام ہوا۔مریم نوازکا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں جب کہ اس تصویر سے سابق وزیراعظم کے چاہنے والے خوش ہوئے اور ان کو حوصلہ ملا ہے، مخالفین کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ ایسی حرکتوں سے یہ لوگ صرف اپنا مزید نقصان اور نوازشریف کو انجانے میں فائدہ پہنچاتے ہیں، نواز شریف کا خوف نا ان کو جینے دیتا ہے نا چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی ان کی سزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے  میاں صاحب کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ نے بچا لیا، یہ لوگ زبردستی آئی سی یو میں گھس کر میری بیہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں تو ان کے لیے نوازشریف کی اپنے گھر کی خواتین اور بچیوں کے ساتھ چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے؟ اگر یہ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کی،واضح رہے کہ علاج کے سلسلے میں عدالت سے ضمانت پر بیرون ملک جانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ لندن میں سڑک کنارے ایک ہوٹل میں اہلخانہ کے ساتھ موجود چائے یا کافی پی رہے ہیں۔نوازشریف کی تصویر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ترجمان شہباز گل نے بھی ٹوئٹر پر ان کی تصویر کے ہمراہ ایک پوسٹ کی جس میں مسلم لیگ(ن)کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی اس تصویر کے وائرل ہونے کیبعد ملک میں نظام عدل اور انصاف پر سوالیہ نشان اٹھائے۔