جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھارتی فوج نے مزید4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا
اس ضلع میں24 گھنٹوں کے دوران  شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد9 ہو گئی ہے
 مارے جانے والے نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے ہے۔ بھارتی ٹی وی رپورٹ..
سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھارتی فوج نے پیر کے روز مزید4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ اس ضلع میں24 گھنٹوں کے دوران  شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد9 ہو گئی ہے ۔ بھارتی فوج نے فوجی آپریشن کے دوران  کئی گھروں کو بھی تباہ کر دیا ہے ۔ نوجوانوں کی شہادت کے بعد شہریوں نے بھارتی پابندیوں توڑ کر احتجاجی مظاہرے کیے۔ بھارتی فوج  نے  مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا۔ پیلٹ فائرنگ سے، کئی افراد زخمی ہو گئے ۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق   مارے  جانے والے نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے ہے ۔ ادھر شہید  ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی  اور نہ ہی لاشیں تدفین  کے لیے  دی گئیں ہیں۔پیر کے روزشوپیاں ضلع کے  روز پنجورہ علاقے  میں بھارتی  فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔ اس دوران4 نوجوانوں کو گولی مار کر  شہید کر دیا گیا۔۔ اتوار کے روز  ضلع شوپیاں کے علاقے  ربن زینہ پورہ میں پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہیدکردیا گیا تھا۔ بھارتی اخبار کے مطابق  شہید ہونے والوں میں  حزب المجاہدین کے کمانڈر فاروق احمد نلئی سکنہ کولگام بھی ہیں۔عمر دھوبی،رئیس خان ،ثقلین  احمد، سفیات امین  نائیکو کا تعلق بھی  حزب المجاہدین سے بتایا جارہا ہے۔یہ کارروائی بھارتی فوج ،سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس نے مشترکہ طورپر کی۔نوجوانوںکی شہادت کے فورا بعدقابض حکام نے شوپیان اور کولگام کے اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔ فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ رہائشی مکانات کے ساتھ ساتھ سیب کے باغات کی بھی تلاشی لی جارہی ہے ۔ جنوبی کشمیر کے تین اضلاع شوپیاں ، پلوامہ اور کولگام میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔