جنوبی کشمیرمیں مجاہدین کے حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک
 بھارتی فوج کی فائرنگ سے بچہ شہید،علاقے میں فوجی آپریشن
 کیموہ اور سمبل میں فورسز پر فائرنگ ،علاقے فوجی محاصرے میں
 ترال قصبے میں  مسلسل تیسرے روز بھی مجاہدین کی شہادتوں پر ہڑتال، علاقے میں انٹرنیٹ سروس بند
 سرینگر (کے پی آئی ) جنوبی کشمیر کے بجہباڑہ اسلام آباد میں مجاہدین کے یک حملے میں ایک سی آر پی اہلکار ہلاک جبکہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک 6سالہ معصوم بچہ  شہید ہوگیا۔کیموہ اور سمبل میں بھی بھارتی فوج پر حملے کئے گئے،جنوبی کشمیر کے ترال قصبے میں ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز بھی مجاہدین کی شہادتوں پر ہڑتال رہی علاقے میں انٹرنیٹ سروس بند ہے،کے پی آئی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو حملہ آور نمودار ہوئے اور انہوں نے پادشاہی باغ بجہباڑہ میں  90بٹالین سی آر پی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں اطراف سے مختصر گولیوں کا تبادلہ ہوا ،گولیوں کے تبادلہ میںسی آر پی اہلکار شدید زخمی ہو ا جسے علاج معالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخمی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے4 سالہ کمسن بچہ بھی شہید ہوگیا مہلوک بچے کی شناخت نیہان احمد بٹ ولد محمد یاسین ساکن مچھوا یاری پورہ کولگام ہوئی ۔ بچے کا والد زبل پورہ بجہباڑہ میں سرکاری ملازم ہے اور بچہ اپنے والد کے ساتھ یہاں آیا تھا۔حملے کے فورا بعد سیکورٹی فورسز نے علاقہ کو محاصرہ میں لے کر حملہ آوروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی ۔ ادھر پولیس پوسٹ کیموہ کولگام پر مجاہدین نے گرینیڈ داغ کر حملہ کیا۔ رات دیر گئے گرینیڈ نشانہ چوک کر سڑک پر گرگیا جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ اسکے فورا بعد یہاں پولیس و فورسز پہنچ گئے اور تلاشیاں لیں۔ادھر مرکنڈل سمبل میں فورسز نے رات کے دوران ناکہ لگایا گیا۔ اس دوران وہاں سے موٹرسائیکل پر سوار 2 عسکریت پسند نمودار ہوئے لیکن فورسز پر فائرنگ کیساتھ ہی فرار ہوئے۔فورسز نے انکی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی ہے۔اس دوران ترال میں ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز بھی مجاہدین کی شہادت پر مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر رہی ،جبکہ پولیس ضلع اونتی پورہ میں انٹرنیٹ سروس تیسرے روزبھی معطل رہی،گذشتہ روز علاقے میں تین مجاہدین شہید ہوگئے تھے