کراچی:(ویب ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے ایک بار پھر چاند کے تنازع پر فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ یہ فواد چوہدری کی جہالت ہے جو اپنے آپ کو سائنس کا امام سمجھتےہیں۔

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے چاند سے متعلق بیان پر رد عمل میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نےکہا کہ چاند کےسائز سے تاریخ کا تعین فلکیات یاسائنس کی کونسی کتاب میں لکھا ہے؟ جس شخص کو سائنس کا علم نہیں وہ خود کو سائنس کا امام پیش کر رہاہے۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ فواد جی، یہ سائنس اور مذہب دونوں اعتبار سے پہلی کا چاند تھا، قمری ماہ کی29 تاریخ کوچاند غروبِ آفتاب کے بعد موجود ہو مگر نظرنہ آئے تو مہینہ 30 کا ہوگا اور اگلی شام تک اس کی عمر 24 گھنٹے بڑھ جائے گی اس لیے نسبتاً بڑا نظر آئےگا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہ فواد چوہدری کی جہالت ہے جو اپنے آپ کو سائنس کا امام سمجھتےہیں، انہوں نے طمطراق سے گزشتہ شب چاند کو دیکھ کر کہا کہ عوام خود فیصلہ کرلیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ذی الحج کے چاند سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ چاند 21 جولائی کو نظر آئے گا اور عید الاضحیٰ 31 جولائی کی ہوگی تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں 21 جولائی کو چاند نظر نہ آنےکا اعلان کیا۔