اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ملکی مفاد کی قانون سازی کے بدلے این آر او نہیں دے سکتے وزیراعظم

اپوزیشن بلز کی منظوری میں ساتھ نہ بھی دیتی تو مشترکہ اجلاس میں منظور کروا لیتے ،پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے،اپوزیشن بلز کی منظوری میں ساتھ نہ بھی دیتی تو مشترکہ اجلاس میں منظور کروا لیتے،اپوزیشن این آر او مانگتی ہے جو کسی صورت نہیں دیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی پاکستان کیلئے ضروری ہے،ماضی کی خرابیوں کو درست کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں ہونے والی قانون سازی میں اپوزیشن کو حمایت کرنی چاہیے، اپوزیشن نے ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح نہ دی تو بے نقاب ہوگی ۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں ہونے والی قانون سازی کے بدلے این آر او نہیں دے سکتے،، آپ عوام کے نمائندے ہیں، پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی میں فعال کردار ادا کریں،عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کی پوری جدوجہد اس بات پر ہے کہ کیسز ختم ہو جائیں، لیکن ہم اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور پی ٹی آئی اپنے منشور سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی،کیونکہ اگر ہم اپنے منشور سے پیچھے ہٹے تو تباہی ہوگی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم نے حکومتی ارکان کو پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

#/S