پنجاب حکومت کا لاک ڈاؤن کھولنےکا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک )  حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن 5 اگست کی بجائے آج رات 12 بجے ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع کی اجازت ہوگی۔ متعلقہ ادارے کشمیر ریلی کے دوران سماجی فاصلہ اور دیگر تمام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے۔ سماجی اور مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھ کی اجازت نہیں ہوگی۔

تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے۔ میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔

کال سنٹرز کو 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے جبکہ اس کے علاوہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی۔ گروسری اور کریانہ سٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔

چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.