لکھنو(ویب ڈیسک)

عالمی شہرت یافتہ بھارتی شاعر منور رانا نے وزیراعظم مودی کو لکھے گئے خط میں بابری مسجد کے لیے اپنی 5.5 ایکڑ ذاتی زمین عطیہ کرنے کی پیشکش کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اردو ادب کے عہد حاضر کے ممتاز شاعر منور رانا نے وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے ایک خط میں بابری مسجد کی تعمیر کے لیے رائے بریلی میں دریا کنارے اپنی 5.5 ایکڑ زمین عطیہ کرنے کی پیشکش کی ہے۔ منور رانا نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ حکومت کی جانب سے بابری مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ زمین دھنی پور میں مختص کی گئی ہے اب وہاں ایک  ہسپتا ل بنادیا جائے جبکہ بابری مسجد کے لیے میری زمین حاضر ہے۔  منور رانا کا کہنا تھا کہ دھنی پور میں بابری مسجد کے لیے جگہ دور دراز علاقے میں رکھی ہے، یہ بہتر ہوگا کہ اس جگہ  ہسپتا ل بنادیا جائے اور میری زمین ایک تاریخی، مذہبی اور ثقافتی شہر میں ہے اور جہاں تک رسائی بھی آسان ہے وہاں مسجد تعمیر کردی جائے۔واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی متنازع زمین پر رام مندر کی تعمیر کا حکم دیتے ہوئے مسجد کے لیے 5 ایکڑ زمین مسلمانوں کو دینے کی ہدایت کی تھی تاہم مسلم رہنما اسد اویسی نے پیشکش  کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلمانوں کو زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں۔