کراچی (ویب ڈیسک)
محکمہ موسمیات نے آج سے پیر تک کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، تھر پارکر اور سندھ کے دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی صبح سے سندھ میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہوگا جس کے سبب کراچی میں ہفتے سے پیر کے درمیان تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ حیدرآباد، ٹھٹہ، تھر پارکر سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے سبب کراچی، حیدر آباد، بدین، میرپور خاص اور ٹھٹھہ میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، تیز بارشوں کی وجہ سے زیریں سندھ کے علاقے دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی طوفانی بارشوں کے تحت جمعہ کو گلشن حدید میں 84 ملی میٹر بارشیں اور جناح ٹرمینل پر 0.6 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔ شہر کے کچھ علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی جو ملی میٹر کے مقررہ پیمانے سے کم رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.5 جبکہ کم سے کم 24 ڈگری ریکارڈ ہوا، ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 80 فیصد اور شام میں 92 فیصد رہا۔ سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتہ کو شہر کا مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔