ماسکو (ویب ڈیسک)
مخدوم شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی ہے کہ روس کیساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور طویل مدتی کثیر الجہتی شراکت داری کا امکان موجود ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں۔ ڈومو ڈی ڈیوو ائیرپورٹ پہنچنے پر ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر شفقت علی خان، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ظہور احمد اور روسی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، روسی ہم منصب سرگئی لاروف کی دعوت پر روس کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ جمعرات کے روز ماسکو میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر اپنے روسی ہم. منصب سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
روس کے دورہ پر روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کا کہنا تھا کہ خطے کے اہم ممالک اجلاس میں شریک ہونگے۔ وہ کانفرنس کے موقع پر دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ بھی ان کی ملاقات طے ہے۔ آئندہ دنوں میں روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے روشن امکانات ہیں۔ روس کے ساتھ طویل مدتی کثیر الجہتی شراکت داری کا امکان موجود ہے۔