سیکریٹریٹ گروپ کے گریڈ 21 کی 15 پوسٹیں اور گریڈ 20 میں 29 پوسٹوں کا اضافہ کردیا گیا

سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 19 میں 44 پوسٹوں کا اضافہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

سول سروس اصلاحات کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان  نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سیکریٹریٹ گروپ کے افسران کی ترقی یقینی بنانے کیلئے ان کی پوسٹیں بڑھانیکی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق سول سروس اصلاحات کے تحت سیکریٹریٹ گروپ کے گریڈ 21 کی 15 پوسٹیں اور  گریڈ 20 میں 29 پوسٹوں کا اضافہ کردیا گیا۔ سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 19 میں 44 پوسٹوں کا اضافہ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق سیکرٹریٹ گروپ کے افسران کی ترقی کا عمل 2015 سے رکا ہوا تھا۔پوسٹوں میں اضافے کے بعد صوبائی سروس سے تعلق رکھنے والے افسران کی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں شمولیت ممکن ہو گی۔ پولیس سروس اور آفس منیجمنٹ گروپ میں ایسے افسران کوشامل کیا جاتا ہے۔سول سروسز اصلاحات  کے تحت افسران کی عرصہ تعیناتی کا تحفظ، مختلف وزارتوں میں سیکرٹری صاحبان کی تعیناتی کے حوالے سے جامع نظام کی تشکیل، ملک کے 65 اہم خودمختار اداروں کے لئے سربراہوں کی تعیناتی کا طریقہ کار وضع کیا جانا، وزرا کی معاونت کے لئے ٹیکنیکل ایڈوائزرز کی تعیناتی و دیگر امور شامل ہیں۔اس طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، ریٹائرمنٹ پالیسی اور اداروں کے اپنے احتساب کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی کام جاری ہے۔سول سروس اصلاحات کے تحت نظام حکومت میں ای گورننس کے نفاذ کے لئے روڈمیپ تشکیل دیا جا چکا ہے جس سے نہ صرف شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے پبلک سروس ڈیلیوری اور گورننس میں بہتری آئے گی۔