اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان نے قانونی اصلاحات کو قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق قانونی اصلاحات سے متعلق اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے، وزیر اعظم ہاوس میں آج جمعرات کو تقریب میں نئے قوانین کا اعلان کیا جائے گا، وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ قانونی اصلاحات کو قوم کے سامنے رکھا جائے۔یہ تقریب صبح 11 بجے وزیر اعظم ہاوس کے سبزہ زار میں ہوگی، وزیر اعظم خطاب میں اہم قوانین کی تفصیلات بتائیں گے، جب کہ وزیر قانون فروغ نسیم اور پارلیمانی سیکریٹری ملیکہ بخاری بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی و سماجی شخصیات، وکلا اور صحافیوں سمیت اہم افراد کو اس تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔فوجداری مقدمات کے قانون اور قانون شہادت کو تبدیل کیا جائے گا، پولیس سے متعلق اہم قوانین کو بھی تبدیل کیا جائے گا، وزیر اعظم نے فوجداری سمیت 600 سے زائد قوانین کی تبدیلی کی منظوری دی تھی۔یہ تمام قوانین کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش ہوں گے۔اس سلسلے میں ایک اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا حکومت سول اور فوجداری نظامِ عدل کے قوانین میں ضروری تبدیلیوں سے ملک میں انصاف کے نظام کو موثر اور اِس تک غریب کی رسائی کو یقینی بنا رہی ہے، 1908 کے بعد پہلی دفعہ کوئی حکومت سول قانون میں تبدیلی لے کر آ رہی ہے، ایک صدی پرانے قوانین میں اصلاحاتی تبدیلی کے حوالے سے ماضی میں کسی حکومت نے نہیں سوچا۔