آصف زرداری نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کردی

میگا منی لانڈرنگ کیس کا ضمنی ریفرنس خارج کرکے انہیں بری کیا جائے ،درخواست میں موقف

کوئی نئی تاریخ نہ دی جائے،درخواستیں یہ لاتے ہیں اور تیاری کے لیے بھی ان کو ہی وقت چاہئے ، نیب پراسیکیوٹر

آپ اس درخواست پر دلائل کے لیے تیار نہیں ہیں ،جج کا فاروق ایچ نائیک سے استفسار

 درخواست پر دلائل کے لیے 17 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دیں، وکیل فاروق ایچ نائیک

پارک لین کے ضمنی ریفرنس  میں ملزمان کی حاضری لگائی گئی  اور سماعت 17ستمبر تک ملتوی کر دی گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

حتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری پر فرد جرم 17 ستمبر تک موخر کر دی،سابق صدر آصف زرداری ن کی جانب سے   میگا منی لانڈرنگ ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کی گئی ۔ بدھ کو  اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے آصف زرداری کے خلاف جعلی بینک اکائونٹس و میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں سابق صدر عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو اور ہمشیرہ فریال تالپور بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔سماعت کے آغاز پر ہی آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں ایک درخواست دائر کی جس میں سابق صدر نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کو خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔ آصف زرداری نے درخواست میں موقف  اپنایا کہ میگا منی لانڈرنگ کیس کا ضمنی ریفرنس خارج کرکے انہیں بری کیا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی سے پہلے نئی درخواست آنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ منی لانڈرگ کا ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی بات کر رہے ہیں، ہم نے منی لانڈرنگ میں کوئی ضمنی ریفرنس دائر ہی نہیں کیا، کیس کراچی سے منتقل ہو کر آیا تھا اس لیے اپنی تفتیش کے بعد ایک ریفرنس دائر کیا تھا۔نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی خود روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ ان کو کوئی نئی تاریخ نہ دی جائے، درخواستیں یہ لاتے ہیں اور تیاری کے لیے بھی ان کو ہی وقت چاہیے، ہم ان کی درخواست پر  دلائل دینے کو تیار ہیں یہ تیار کیوں نہیں ہیں؟ ۔احتساب عدالت کے جج نے فاروق نائیک سے پوچھا کہ آپ اس درخواست پر دلائل کے لیے تیار نہیں ہیں؟ اس پرانہوں نے کہا کہ درخواست پر دلائل کے لیے 17 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دیں۔عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کے ضمنی ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم 17 ستمبر تک موخر کرتے ہوئے سماعت بھی اسی روز تک ملتوی کردی۔ بعد ازاں عدالت میں پارک لین کے ضمنی ریفرنس کی سماعت شروع ہوئی جس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔عدالت نے پارک لین ریفرنس کی مختصر سماعت کے بعد مزید کارروائی 17 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے سابق صدر پر فرد جرم بھی اسی روز تک موخرکردی۔