اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جان بچانے والی 94 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے ایجنڈے میں 17 نکات شامل تھے۔ اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو لگنے والے انجیکشن کی قیمت میں کمی جبکہ 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کے ہمراہ پریس بریفنگ میں وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس بات کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی 94 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دے دی ہے جب کہ کورونا ویکسین کی قیمت آٹھ ہزار400 روپے رکھی گئی ہے۔