سرینگر (ویب ڈیسک)
مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن کے نوگام اور پونچھ سیکٹروں میں پاک بھارت افواج کے درمیان شدید گولہ باری میں تین بھارتی فوجی ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے، شمالی ضلع کپوارہ میں جمعرات کوبھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین کرا س ایل او سی شیلنگ کے نتیجے میں2 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ4زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ کنٹرول لائن پر ضلع کے نوگام میں سیکٹر میں پیش آیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نوگام سیکٹر میں پاکستانی افواج نے کسی اشتعال کے بغیر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو مارٹر گولوں اور دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔سرینگر میں مقیم بھارتی دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستان کی شیلنگ سے2 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور4زخمی ہوگئے ،جبکہ ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر جمعرات کو بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین گولہ باری کے نتیجے میں ایک اور فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔یہ واقعہ گذشتہ رات ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں پیش آیا۔ مقامی نیوز ایجنسی کے مطابق کراس ایل او سی گولہ باری کے اس واقعہ میں بھارتی فوج کاسپاہی کرنیل سنگھ اور رائفل مین وریندر سنگھ زخمی ہوگئے جنہیں راجوری میں قائم فوجی اسپتال لیجایا گیا جہاں کرنیل سنگھ تھوڑی ہی دیر بعد دم توڑ بیٹھا جبکہ وریندر سنگھ کا علاج جاری ہے۔