مظفرآباد (ویب ڈیسک)

آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں غلطی سے ایل او سی عبور کرنے والی دو سگی بہنوں کو مقبوضہ کشمیر کےحکام نے آزاد کشمیر انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔

آزاد کشمیر کے علاقے عباس پور سے تعلق رکھنے والی دونوں سگی بہنیں ثناء زبیر اور لائبہ زبیر گزشتہ روز غلطی سے راولاکوٹ سیکٹر سے ایل او سی عبور کر کے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پونچھ پہنچ گیں جہاں قابض حکام نے انہیں حراست میں لے لیا۔

حکومت پاکستان کی طرف سے دونوں لڑکیوں کے معاملعے کو بھارتی حکام کے ساتھ اٹھا کر ان کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے راستے آج مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے دونوں بہنوں کو آزاد کشمیر کی مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ آزاد کشمیر حکام نے دونوں بہنوں کے بیانات قلم بند کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

آزاد کشمیر میں 750 کلو میٹر طویل ایل او سی پر اکثر دیہاتی لوگ غلطی سے ایل او سی عبور کر کے مقبوضہ علاقے میں چلے جاتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر سے بھی بعض اوقات وہاں کے شہری غلطی سے ایل او سی عبور کر آزاد کشمیر میں داخل ہوتے ہیں جنہیں حکام کی طرف سے تفتیش کے بعد اکثر اپنے اپنے علاقوں میں واپس بھیج دیا جاتا ہے۔