راولپنڈی(ویب ڈیسک )بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر  دہشت گردوں کے حملے میں 7ایف سی جوان  شہید ہوگئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کو فرارہونے سروکنے کیلئے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔محاصرہ کیے گئے  علاقے میںسرچ آپریشن جاری ہے۔ ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ گزشتہ رات کیا گیا۔ دہشت گردوں کو بلوچستان کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔

 صدر وزیراعظم نے ایف سی  چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے ۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی کی  چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے  ایف سی کے جوانوں کی  شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے  اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا ہے ۔ صدر مملکت نے  شہدا کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کہ اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعظم عمران خان نے ہرنائی میں ایف سی  چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی  اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 بہادر سپاہیوں کی شہادت کا سن کر دل غمزدہ ہے۔ شہداء کے اہل خانہ کیلئے دعاگو ہوں قوم بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے بہادر سپاہیوں کے ساتھ ہے۔